اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن نے این اے 233 بدین سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان دینے سے معذرت کر لی۔ این اے 233 بدین میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے حکم نامہ جاری کر دیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے کاغذات ریٹرننگ افسر اور ٹریبیونل نے مسترد کئے ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو سندھ ہائی کورٹ سے 18 جنوری کو ریلیف ملا، این اے 223 بدین سے جی ڈی اے کے محمد حسام مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان اسٹار الاٹ ہو چکا تھا، فارم 33 کے مطابق محمد حسام مرزا کو جی ڈی اے کا پارٹی ٹکٹ اور انتخابی نشان اسٹار الاٹ ہو چکا ہے۔ حکمنامے کے مطابق حسام مرزا ابھی تک میدان میں ہیں اور انھوں نے کاغذات نامزدگی آج تک واپس نہیں لیے ، ایک وقت میں ایک انتخابی نشان ایک سیاسی جماعت کے دو امیدواروں کو الاٹ نہیں ہو سکتا، پارٹی سرٹیفیکیٹ دینے اور انتخابی نشان الاٹمنٹ کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جی ڈی اے کے امیدوار کو پہلے ہی انتخابی نشان الاٹ ہو چکا ہے، اس مرحلے پر اس پر نظر ثانی نہیں ہو سکتی۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ آر او فارم 33 میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا نام بطور آزاد امیدوار شامل کرے، آر او نے پہلے ہی جی ڈی اے کا انتخابی نشان حسام مرزا کو الاٹ کر رکھا ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو آزاد امیدواروں کے انتخابی نشان میں سے کوئی نشان الاٹ کیا جائے۔