اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے،پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ،اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو ا±س کی تصدیق کرلو“۔وہ بدھ کے روزوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جناح کنونشن میں پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس“ سے خطاب کررہے تھے۔آرمی چیف نے مسکراتے ہوئے خطاب کا آغاز کیا اور کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں،پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندووں سے مختلف ہے نہ کے ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں،انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہئے، پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں،دہشتگردوں کیخلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، آرمی چیف نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے ،سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے،تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے ، اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اس کی تصدیق کرلو“۔جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی ، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے،مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے،آرمی چیف نے آخر میں خطاب کے دوران طلبہ سے پاکستان آرمی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اوربعد ازاں طلبہ میں میں گھل مل گئے اوران سے فرداً فرداً مصافحہ کرتے رہے،طلبہ آرمی چیف کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے۔