لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سرد موسم میں سیاسی پارہ ہائی ہو گیا، عام انتخابات میں 2 ہفتے باقی رہ گئے ہیں جس کے ساتھ ہی نمائندوں کی عوام میں واپسی شروع ہو گئی اور انتخابی مہم میں تیزی آ گئی ہے۔ سیاسی رہنماوں نے ووٹرز کو رام کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیا، سیاستدان ووٹرز کو وعدے، دعوے اور یقین دہانیاں کرانے لگے، قائد ن لیگ نوازشریف، شہباز شریف اور مریم نواز بھی سیاسی میدان میں نکل پڑے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی مخالفین کو ٹف ٹائم دینے کیلئے کمر کس لی، پیپلز پارٹی کی پنجاب اور سندھ میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں، ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی، جے یو آئی ف اور استحکام پاکستان پارٹی نے بھی انتخابی مہم تیز کر دی۔