اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ بے بنیاد باتیں آزادی اظہار اور صحافت کیلئے خطرہ ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سال 2024 مختلف ممالک میں انتخابات کا سال ہے، پاکستان ، انڈونیشیا، بھارت ، امریکہ میں انتخابات ہورہے ہیں ۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 8فروری کوپاکستان میں عام انتخابات ہورہے ہیں،ایک ہفتے بعد انڈونیشیا میں انتخابات ہورہے ہیں جبکہ امریکا میں نومبر میں انتخابات ہوں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ آج کل پاکستان میں مختلف وجوہات کی وجہ سے شام کے ویلاگرز کا خطرہ سامنے آیا ہے،ان کی بے بنیاد قسم کی باتوں پر لاکھوں ویوز آرہے ہوتے ہیں، یہ آزادی اظہار اور آزادی صحافت کے لیے بہت سنجیدہ خطرہ ہے۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ ہم ہٹلر کے زمانے کے پروپیگنڈا کی باتیں تو کرتے تھےاورآج بھی کررہے ہیں،اب یہ ممکن ہے کہ آپ کم پیسوں میں مصنوعی آواز اورتصاویر پیدا کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحافت عوام کے جاننے کے حق کا دفاع کرنا ہے، نیوز رومز کو فیکٹ چیک ڈیپارٹمنٹس بنانے پڑیں گے۔نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں 15کروڑ کے قریب لوگوں کے ہاتھوں میں موبائل ہیں، سچ کو لوگوں تک لانا بہت مشکل ہوگیا ہے۔