واشنگٹن(نمائندہ خصوصی )امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان ، امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش اور منافع بخش منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت اور ون ونڈو سلوشن فراہم کرے گا تاکہ غیر ملکی سرمایہ کار منافع بخش کاروباری سرگرمیوں سے پاکستان اور خطے کی بڑی مارکیٹ سے استفادہ کر سکیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ آئی ٹی، توانائی، زراعت اور معدنیات ہمارے ترجیحی شعبہ جات ہیں تاہم ہم معیشت کے تمام شعبوں میں آنے والی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کریں گے۔مسعود خان نے یہ بات آج پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدرعامر پپرانی اور ان کی ٹیم سے ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل آفتاب احمد چوہدری اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اتاشی محترمہ شائستہ بنیاد بھی موجود تھیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کا مقصد کاروباری برادری خصوصاً پاکستانی امریکن کمیونٹی جو اپنے مادر وطن میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ملاقات کے دوران پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدر عامر پپرانی نے سفیر پاکستان کو چیمبر کی سرگرمیوں خصوصاً اکتوبر میں ہیوسٹن میں منعقد ہونے والی بزنس ایکسپو 2024 کے بارے میں بریف کیا۔ اس تین روزہ ایکسپو کے دوران مختلف پاکستانی مصنوعات جن میں کھیل ، سرجیکل سامان، آئی ٹی، بیوٹی اور صحت، خوراک ، مشروبات، تیل ، گیس، گھریلو رہائش ، ٹیکسٹائل اور زیورات وغیرہ جیسی مصنوعات شامل ہیں کی نمائش کی جائے گی۔سفیر پاکستان مسعود خان نے صدر پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کو ایکسپو کے انعقاد کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانے اور ہیوسٹن میں واقع پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے ہر ممکنہ سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی۔