لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں انہیں سمت مہیا کر دی تو ماضی کی تمام محرومیاں ختم ہو جائیں گی۔پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مستقبل کے موضوع پر نوجوانوں سے مکالمہ کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ملک میں بڑی مہارت ہے، 8 فروری کوآنیوالی حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہوگی، بدقسمتی سے آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں زیادہ اضافہ نہیں ہو سکا، نوجوان آئی ٹی کے شعبہ میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 76 برس گزر گئے ہم منزل سے بہت دور ہیں، ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان نسل ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی صحیح رہنمائی نہ کی تو بہت بڑا چیلنج بن جائے گا، مشاورت سے پالیسی بنائی تو نوجوان نسل ملک کی قسمت سنوار دے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی دستیاب ہونا ضروری ہے، اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے، نوجوانوں کو آپریشنل ٹریننگ دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، ای روزگار اور دیگر شعبوں میں بھی آپریشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے۔