فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)سوتی دھاگہ کی برآمدات میں دسمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 79فیصد کااضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 95 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا جو دسمبر 2022 کے مقابلہ میں 79فیصد زیادہ ہے۔ دسمبر 2022 میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 53 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔نومبر کےمقابلہ میں دسمبر میں سوتی دھاگہ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 11 فیصد کی نمو ہوئی۔ نومبر میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 86 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا جو دسمبر میں بڑھ کر 95 ملین ڈالر ہو گیا۔ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 589ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کامجموعی حجم 382 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 8.28 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کاحجم 8.71 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔