کراچی(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ آف پاکستان کے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق فیصلے پر عمل درآمدی اقدامات کے حوالے سے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ اور ون مین کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل کا پولیس افسران کیساتھ سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ پولیس سندھ میں اقلیتوں کی دستیاب خالی آسامیوں پر اقلیتی کوٹہ کے تحت جلد ہی پولیس افسران بھرتی کیئے جائیں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تحفظ کے لیئے پولیس افسران اور جوانوں پر مشتمل خصوصی دستہ بھی جلد پولیس کا حصہ ہوگا۔اجلاس میں ون مین کمیشن کے سربراہ کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے کہا کہ سندھ پولیس بلا تفریق عوام کی خدمت اور تحفظ جیسی زمہ داریوں میں ہمہ وقت مصروف اور مستعد ہے۔ہمارے نزدیک دیگر لوگوں کی طرح اقلیتی برادری بھی مقدم اور محترم ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں آباد تمام اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ اور پاسداری سمیت انکے مزہبی مقامات کی حفاظت کو باقاعدہ کنتٹی جینسی پلان کے مطابق یقینی بنایا جارہا ہے اور اس حوالے سے تمام تر ضروری امور و اقدامات سپریم کورٹ کے اقلیتوں سے متعلق فیصلے کی روشنی میں یقینی بنائے جارہے ہیں۔ڈاکٹرشعیب سڈل نے کمیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اقلتیوں کے حقوق سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد پر زور دیا اور کہا کہ اقلیتوں کو تحفظ دیئے بغیر امن و امان کا حصول نا ممکن ہے۔تمام ضلعی پولیس افسران متعلقہ اضلاع میں اقلیتی مسائل سے متعلق خصوصی ڈیسک کی ترتیب کو یقینی بنائیں۔اپنے دفتری عملے میں ایک اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افسر کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔اقلیتی افسران پر مشتمل خصوصی تفتیشی ٹیم کی تشکیل بھی لازماً کریں،اقلیتی برادری کے مزہبی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے بزات خود جملہ اقدامات کی نا صرف نگرانی بلکہ ان مقامات کے اچانک دوروں جیسے اقدامات کو بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا اقلیتوں کی شکایت اور انکے مسائل کی سنوائی اور ازالوں کو اہمیت دیں اور انہیں ذاتی حیثیت میں ڈیل کریں یہی نہیں اپنے عملے کو اقلیتوں کے حقوق اور انکی پاسداری سے متعلق باقاعدہ آگاہی بھی دیں جبکہ اقلیتی برادری کی دادرسی کے لیئے ان کے ساتھ ہفتہ یا ماہانہ بنیاد پر شیڈول نشست بھی کریں جسکے تحت ان کے مسائل سننے کے ساتھ ساتھ ان میں احساس تحفظ کے شعور کو بھی اجاگر کیا جائےتاکہ وہ نام نہاد اشرافیہ کے چنگل سے باہر نکلیں اور ہماری قوت بن سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اقلیتیوں کے لیئے سی ایس ایس کا خصوص امتحان منعقد کیا گیا جس کے نتائج ابھی آنے ہیں اور اس عمل سے ملک بھر کے اقلیتی برادری کے 700 سے زائد افسران ملک کی مشینری کے اعلی عہدوں پرفائز اور شامل ہوجاہیں گے۔اجلاس میں ڈی آئی جیز ایسپیشل برانچ, سی آئی اے,آرآرایف, زونل ڈی آئی جیز و ضلعی ایس ایس پیز کراچی,اے آئی جی آپریشن، ایڈمن نے بالمشافہ جبکہ حیدرآباد,سکھر, لاڑکانہ,میرپورخاص اور ایس بی اے کے ڈی آئی جیز اور متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز نے زریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔