کراچی (نمائندہ خصوصی) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو چیلنج دے دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ اگر ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو بنا کر دکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے اختتام کی طرف جا رہی ہے، باغ جناح کراچی جلسے میں عوام نے ہمیں مینڈیٹ دے دیا ہے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم جہاں 70 ہزار ووٹ لیتی تھی وہاں وہ 10 ہزار پر آ گئی ہے، پیپلز پارٹی کراچی سے قومی اسمبلی کی 13 اورسندھ اسمبلی کی 27 سے 28 نشستیں جیتے گی۔ سابق وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مضبوطی یہ ہے کہ یہ اکیلی الیکشن لڑ رہی ہے اور مخالفین اتحاد کر رہے ہیں، در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ اس دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ عوامی پذیرائی میں ایم کیو ایم کہیں بھی نظر نہیں آ رہی،کراچی کے ووٹر کی چوائس اب جماعت اسلامی ہے۔