اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے قبل الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا ایک اور تجر بہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے 26جنوری کو تجرباتی مشق ہوگی ،صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024کیلئے 75 فیصد عمل مکمل کر لیا ہے اور انتخابات سے قبل الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے نتائج کے حصول کے لیے ایک اور تجرباتی مشق کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت ریٹرننگ افسران کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے مراسلے کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسران 26 جنوری کو رزلٹ کی تیاری کے لیے ای ایم ایس پر تجرباتی مشق کریں گے رزلٹ کی تیاری کے لیے مشق ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کی جائے گی مراسلے کے مطابق ای ایم ایس کی مشق سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں جس میں ریٹرننگ افسر 25 جنوری تک فارم 28 اور 33 میں اندراج مکمل کریں گے اس حوالے سے پریذائیڈنگ افسر 25 جنوری تک پولنگ سٹیشن کا میپ بھجوائیں گے اورتمام پریذائیڈنگ افسران کو آر اوز 25 جنوری تک ڈمی اندراج شدہ فارم 45 مہیا کریں گے مراسلے کے مطابق پریذائیڈانگ افسران قومی و صوبائی اسمبلی کے ڈمی فارم 45 پر نتائج 26 جنوری کو شام 5 بجے بھیجیں گے پریذائیڈنگ افسران فارم 45 کی موبائل فوٹو لے سکتے ہیں26 جنوری شام 5 بجے سے ای ایم ایس آپریٹر ڈیٹا کا اندراج شروع کر دے گا فارم 45 اندراج کے بعد ریٹرننگ افسر فارم 47 تیار کر کے الیکشن کمیشن کو بھیجے گا واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی انتخابی عمل کے دوران چوتھی بار ای ایم ایس کی تجرباتی مشق کررہا ہے۔