اسلام آباد(آن لائن )سپریم کورٹ فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس سماعت 22جنوری کوکر ے گی، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میںجسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی سماعت کرے گا۔فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس میں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر رکھا ہے اور عدالت نے فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔یاد رہے کہ فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر قائم کمیشن سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف اور احسن اقبال سمیت متعدد شخصیات سے پوچھ گچھ کر چکا ہے۔فیض آباد دھرنا کمیشن نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو بھی طلب کر رکھا ہے۔یاد رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت ٹی ایل پی نے ختم نبوت کے حلف نامے میں متنازع ترمیم کے خلاف 5 نومبر 2017 کو دھرنا دیا تھا۔حکومت نے مذاکرات کے ذریعے دھرنا پرامن طور پر ختم کرانے کی کوششوں میں ناکامی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے فیض آباد خالی کرانے کے حکم کے بعد دھرنا مظاہرین کے خلاف 25 نومبر کو آپریشن کیا تھا، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔اس دھرنے کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت میں نظام زندگی متاثر ہوگیا تھا جبکہ آپریشن کے بعد مذہبی جماعت کی حمایت میں ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور مظاہرے شروع ہوگئے تھے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔27 نومبر 2017 کو حکومت نے وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے سمیت اسلام آباد دھرنے کے شرکا کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے تھے۔