اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک ایران کشیدگی میں کمی کے حوالے سے بڑی پیش رفت، دونوں ملکوں کے وزراءئے خارجہ کے درمیان ٹیلیفون رابطہ ہوا ہے جس میں کشیدگی و تناﺅ میں کمی لانے اور باہمی سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ امیر عبدالہیان نے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے رابطہ کیا ۔ فریقین نے باہمی تناو میں کمی لانے اور اعتماد کی بحالی کے حوالے سے اقدامات کرنے پر اتفاق کر لیا۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے فریقین نے ایک دوسرے کے کور ایشوز اور درپیش چیلنجز کو مشترکہ حکمت عملی سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی سفارتی تعلقات کی بحالی پر بھی اتفاق کر لیا۔اس حوالے سے دیگر جزیات دونوں ممالک کی وزارت خارجہ باہمی مشاورت سے طے کریں گی۔سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی احترام, امن و سلامتی, علاقائی امن و امان اور مستحکم تعلقات کو اہم قرار دیا۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے امیر عبدالہیان کو پاکستان دورے کی دعوت بھی دےدی ۔