لاڑکانہ(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ بلے کا نشان واپس ہونے کی ذمہ دار خود پی ٹی آئی ہے۔ عمران خان پلان سی کی باتیں کرکے ایک مرتبہ پھر اداروں کو بدنام کرکے ملک کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ عمران خان کسی لابی کا بندہ ہے جو پاکستان میں جمہوریت نہیں دیکھنا چاہتا اور اپنی غلطیوں کا ملبہ دوسروں کی طرف پھینکنا چاہتے ہیں۔اگر عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر نوازشریف کوچنتخب کرکے اقتدار میں لایا گیا تو عوام کو ایسا فیصلہ قبول نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ اور میروخان میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیرجمہوری سوچ کی وجہ سے پی ٹی آئی اپنی جماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہے اس لئے عمران خان اپنی ناکامی کا ملبہ عدلیہ اور اداروں پر پھینکنا بند کرے۔انہوں نے کہا کہ بلے کا نشان واپس ہونے پر پی ٹی آئی کی عدلیہ اور اداروں کے خلاف مہم ناقابل برداشت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو الیکشن کمیشن کی ہدایت سے قبل اپنی جماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے چاہئے تھے انہیں الیکشن کمیشن کی ہدایت کا انتظار کیوں کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان الیکشن کا بائیکاٹ کرنا چاہتے تھے تاہم ان کو کوئی راستہ نہیں ملا اس لئے اپنے ہی آزاد امیدواروں کو ووٹ دلانے کے حامی نہیں ہیں۔ یہ کس قسم کا لیڈر ہے جو اپنے آزاد امیدواروں کے لئے کہتے ہیں کہ بک جائینگے اس لئے کارکنان آزاد امیدواروں کو ووٹ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ اب پتا چل رہا ہے کہ عمران خان ذہنی مریض ہیں۔