اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کہاہے کہ عام انتخابات مقررہ تاریخ کو ہونگے اور انتخابات کی سیکورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ،سیکرٹری داخلہ،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیزاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان سمیت چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیے لئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کی کہ وہ عام انتخابات کے پرامن،محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے بروقت انتظامی و حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو انتخابات کے حوالے سے ایک سازگار ماحول فراہم کیا جائے جس میں وہ بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اس موقع پر چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور چیف کمشنر اسلام آباد نے اجلاس کو بتایا کہ انتخابات کے پر امن انعقاد اور ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیش بینی اور تیاری مکمل ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں تاہم پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ سٹیشنوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور الیکشن سے قبل اسے ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا جبکہ تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کو فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ نے اجلاس کو بتایا کہ برف باری سے متاثرہ اضلاع میں الیکشن کے دن تمام سڑکوں اور راستوں کو کھلا رکھنے اور پولنگ سٹیشنوں تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہدایات کی کہ تمام سیاسی جماعتوں کے راہنماﺅں اورووٹرزکی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور انتخابی ریلیوں اور جلسوں کو بھی مناسب سیکیورٹی مہیا کی جائے چیف الیکشن کمشنر نے مانیٹرنگ ٹیموں کوبھی ہدایت کی کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اجلاس کو چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ پولنگ سٹیشن کی سطح پر آمن کمیٹیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں تاکہ پولنگ سٹیشنوں پر ماحول برقرار رکھنے میں مدد مل سکے چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ میں تبدیلی کے متعلق واضح پالیسی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ الیکشن میں تاخیر نہ ہو۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام جاری ہے لہذا اس موقع پر اگر انتخابی نشان میں تبدیلیاں کی گئی تو ان حلقوں میں الیکشن کروانا مشکل ہو جائے گا۔ اجلاس کو سیکرٹری وزارت داخلہ نے بتایا کہ الیکشن کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر کنٹرول روم بنا دیے گئے ہیں وزارت داخلہ تمام اداروں کے ساتھ رابطہ میں ہے اور الیکشن کمیشن کی معاونت اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر اقدامات مکمل ہیں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے تحت پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کو پوری تندہی سے پورا کرے گا انہوں نے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو یقین دہانی کرائی کہ جہاں بھی پولیس کی تعداد میں کمی ہوگی وہاں پر دیگر سکیورٹی ایجنسز سے اس کو پورا کیا جائے گاانہوں نے کہاکہ انتخابات کے پرامن انعقاد میں کسی ادارے یا پولنگ اسٹاف کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی امیدوار یا کسی دیگر شخص نے قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔