کوئٹہ (کامرس رپورٹ)بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو مارک برسٹو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک بلوچستان کے لیے گیم چینجر پراجیکٹ ہے۔ نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران مارک برسٹو کا کہنا تھا اگلے 8 سالوں میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ریکو ڈک گولڈ اور کاپر پراجیکٹ علاقے کی معاشی صورتحال کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دے گا۔ مارک برسٹو نے ریکوڈک منصوبے پر بلوچستان کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کے لیے 200 نوکریاں دی گئی ہیں جنہیں اس سال کے اختتام تک 1000 تک لے جایا جائے گا اور مائننگ کے عروج پر اس تعداد کو 10 ہزار تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے منصوبے کے لیے مقامی آبادی کے اشتراک سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ لگانے کی ترغیب پر بھی زور دیا اور کہا بیرک گولڈ کارپوریشن مقامی آبادی کو سرمایہ کاری اور انہیں پراجیکٹ سے براہ راست فائدہ پہنچانے کے لیے تیار کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ خیال رہے کہ ریکو ڈک کا شمار دنیا کے سب سے بڑے گولڈ اور کاپر کے ذخائر میں ہوتا ہے جہاں 40 سال تک قیمتی دھاتوں کی مائننگ کی جا سکتی ہے جس کی سالانہ استعداد تقریباً 80 ملین ٹن تک ہے، منصوبے کے 50 فیصد شیئرز بیرک گولڈ کارپوریشن کے پاس ہیں جبکہ 25 فیصد شیئرز وفاق اور 15 فیصد بلوچستان حکومت کے پاس ہیں جبکہ 10 فیصد فری شیئرز بلوچستان کو دیے جائیں گے۔