کراچی( کرائم رپورٹر )
آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں پروبیشنر انسپکٹرز (لاء) کی 116 ویں جبکہ ریکروٹس کی 120 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔قبل ازیں آئی جی سندھ کی آمد کا بگل بجاکر اعلان کیا گیا۔انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔بعدازاں پاس آوٹ ہونیوالے جوانوں نے مارچ کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو سلامی پیش کی۔ پاس آؤٹ ہونیوالوں میں مجموعی طور پر 845 پولیس اہلکاروں میں 28 پروبیشنر انسپکٹرز,817 ریکروٹس شامل تھے۔جن میں 389 خواتین ریکروٹس شامل ہیں۔آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں پاس آؤٹ ہونیوالے افسران جوانوں اور خواتین پولیس اہلکاروں کو تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سندھ پولیس کا کمانڈرہونے پرفخرہے،سندھ پولیس شہداء اورغازیوں کی پولیس ہے جس نے نامساعد حالات میں امن و امان کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل چیلنجز سے نمٹنا صرف بہادروں کا کام ہے اور اللہ پاک ہمیشہ مشکل کام کے لیئے بہادروں کا انتخاب کرتا ہے معاشرے میں برائی پھیلتی ہے برے لوگ ہوتے ہیں انکا آپس میں تعلق بھی زیادہ ہوتا ہے۔آپ نے اپنے استادوں اور میڈیا کے سامنے حلف لیا ہے آپ نے انصاف کرنا ہے اور معاشرے میں موجود برے لوگوں کے خلاف کاروائیاں کرنا ہیں۔یاد رکھیں آپکو آپکا افسر مانیٹر کرے یا نہ کرے مگر اللہ آپکو مسلسل دیکھ رہا ہے۔مجھے فخر ہیکہ آپ سندھ پولیس کی فیملی میں شامل ہوئے آپکا جزبہ و لگن قابل ستائش ہے میری اور میرے افسران کی یہ کوشش ہوگی کہ آپکو ایسا ماحول فراہم کریں جس میں آپ کے لیئے آسانیاں ہوں اور آپ اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے قانون کی بالادستی کو رائج کرنے اور اسکی رٹ کے قیام کے لیئے کام کریں۔ایسا ہر گز نہیں ہوسکتا کہ آپ قانون کی پاسداری کریں, برائی کو روکیں جبکہ آپکے سینئرز ایسے کاموں سے اجتناب کریں۔میں آپکو حلفیہ کہتا ہوں میں کوئی ایسا کام نہیں کرونگا جس سے میرے محکمے کی عزت,وقار اور شان پر کوئی حرف آئے یا میرے افسران اور جوانوں پر کوئی انگلی اٹھائے۔پہلے میں خود آپکے سامنے اچھی مثال بنونگا اور پھر آپ سے توقع رکھونگا۔بحیثیت آئی جی سندھ میں آپکی فلاح تھانہ جات کی,رہائش اور تنخواہوں کی بہتری کے لیئے بات کرونگا۔آپ بہترین افسران ہیں اللہ پاک نے آپکو سندھ پولیس کا حصہ بناکر عوام کی خدمت کرنیکا اعزاز بخشا ہے۔مشکل کام کا اجر بھی زیادہ ملتا ہے دنیا میں بے شک اجر ملے نہ ملے لیکن یقین رکھیں جب اصلی اجر ملیگا تب آپ خود کو اعلیٰ ترین مقام پر پائیں گے۔اللہ پاک نے آپکو لوگوں کی جان و مال عزت و آبرو کا محافظ ہونیکا اعزاز بخشا ہے۔مجھے قوی امید ہے آج کیئے گئے عہد کو آپ کبھی فراموش نہیں کرینگے۔اس موقع پر ڈی آئی جیز ٹریننگ, ٹی این ٹی، کمانڈنٹ ٹریننگ کالج،ایس ایس پی کماڑی سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔