کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اکتوبر نومبر،دسمبر2023 میں چوری ہونے والی موٹر بائیک کے مالکان کو ری کنڈیشن موٹر سائیکلیں دینے کا اعلان کردیا ۔ گورنرہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں چوری کی گئی بائیکس مالکان کو بائیکس دی جائیں گی،اس عرصہ کے دوران چوری یا چھینی گئی موٹر سایکل کے مالکان سی پی ایل سی سے اپنی تصدیق شدہ ایف آئی آر گورنر ہاؤس میں جمع کروائیں ۔ اس موقع پر جے ڈی سی کے ظفرعباس بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شہرکراچی میں جولوگ موٹرسائیکل اور موبائل سے محروم ہوگئے ہیں ان کی آنکھوں میں ہم نے آنسو دیکھے ہیں،ان میں سے کئی نے امید کی گھنٹی پر آکر بتایا کہ ان کے مالی حالات ایسے نہیں کہ دوسری بائیک یاموبائل لے سکیں، ایک نوجوان نے بتایاوہ روزتھانے پتہ کرنے جاتے ہیں کہ ان کی چھنی ہوئی بائیک ملی کہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ظفرعباس کی تجویز پر ری کنڈیشن بائیک دیں گے،اس طرح زیادہ سے زیادہ بائیک دے سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون سے محروم ہونے والوں کوبھی ہم ٹچ موبائل دیں گے،یہ ہے تومشکل کام جس کے لئے فنڈزدرکارہیں،اس نیک کام میں مجھے میرے دوستوں ،جے ڈی سی اور سیلانی کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے تنقید کی کہ آپ حالات ٹھیک نہیں کرسکتے،میں ان دوستوں پر واضع کرناچاہتاہوں کہ امن وامان کا قیام گورنرسندھ کے اختیار میں نہیں ہے،اٹھارویں ترمیم کے بعد سی پی ایل سی اوریونیورسٹیزبھی میرے پاس نہیں ہیں ،بس دوستوں کے ساتھ ملکرلوگوں کی مدد کررہاہوں۔ انہوں نے کہا کہ ظفرعباس کی ٹیم مارکیٹ سے 73بائیکس ابھی تک لے چکی ہے،اس کام میں ایک روپیہ بھی حکومت کانہیں ہے، اب تک پونے تین لاکھ خاندانوں کوراشن دے چکے ہیں،اس سال تک یہ تعدادچھ لاکھ تعداد ہوجائیگی،ہمارا ہدف بیس لاکھ خاندان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی لوگوں کوعمرے کے ٹکٹ،پلاٹ،موٹر سائیکل سلائی مشین،لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء دے چکے ہیں،اس بار رمضان میں بڑادسترخوان لگائیں گے اور انشاء اللہ دس لاکھ لوگوں کو افطار ڈنر کروائیں گے اس ضمن میں ظفرعباس ،بشیرفاروقی اورکراچی کے تاجرحضرات کاتعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وعدوں اورنعروں سے کچھ نہیں ہوگا،عوام بھی ایسے لوگوں کوووٹ دیں جوآپ کے درمیان رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کرنے والوں کوپندرہ ہزارڈالرزتک کی نوکری ملے گی،اسی گورنر ہاو¿س میں منی آئی ٹی یونیورسٹی تیار ہوچکی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں دوہزاربائیکس دیں گے ،میڈیا سے وابستہ افراد کی چوری شدہ بائیکس کے بدلے میں بھی بائیکس دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سنوکے بیوروچیف پرفائرنگ کے بعد میں نے آئی جی سندھ سے بات کی،آئی جی نے تین چاردن مانگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی گورنرہاوس سے بڑی امیدیں ہیں۔