راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دوران آپریشن دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں 5 جوان وطن پر قربان ہو گئے، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے حملہ کر دیا، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ آپریشن کے دوران 5 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا میں 23 سالہ سپاہی ٹیپو، 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، 23 سالہ سپاہی شفیع اللہ، 23 سالہ لانس نائیک طارق علی اور 25 سالہ سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاک افواج دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔