اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کی رہائشگاہ پر پولیس کے چھاپے مارے جانے کے معاملے پر 5 افسران بشمول ایس ایچ او مارگلہ کو تا حکم ثانی معطل کردیا گیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گزشتہ روز بیرسٹر گوہر کے گھر مقامی پولیس کے جانے پر انکوائری عمل میں لائی گئی ہے۔ آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کسی بھی پولیس افسر کے قصوروار ہونے پر محکمانہ کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس ایک مخبر کی اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں ایف 7 پہنچی۔ مذکورہ گھر بیرسٹر گوہر کا ہے، یہ معلوم ہونے پر پولیس فوری واپس آگئی۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں اپنے گھر پولیس جانے کی شکایت کی تھی۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے پولیس آفیسر کو طلب کیا اور معاملہ کی تحقیق کا حکم جاری کیا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کر کے تفصیلی رپورٹ 3 دن میں جمع کروانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔