اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عالمی اقتصادی فورم کے 54ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے زوریخ، سوئیٹزر لینڈ پہنچ گئے۔زوریخ آمد پر پاکستان کے جنیوا میں مستقل مندوب بلال احمد، سوئیٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت اور اعلی سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کی اس سال کی تھیم کے حوالے سے عالمی تنازعات کی روک تھام، عالمی نظام پر اعتماد کی بحالی اور معاشی بحران کے خاتمے کی حکمت عملی کے موضوعات پر مبنی تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم "ٹریڈ ٹیک ٹریلین ڈالر پرامس” کے موضوع پر تقریب سے خطاب کریں گے۔ اسکے علاوہ وزیرِ اعظم بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو بھی کریں گے۔علاوہ ازیں فورم کے موقع پر وزیراعظم عالمی سیاسی شخصیات اور سرمایہ کاروں و کاروباری رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔