لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر تاریخ میں پہلی بار پنجاب بھر کے 44پریس کلب کو سپیشل گرانٹ جاری کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب بھر کے پریس کلب کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو سپیشل گرانٹ کے چیک دینے کی خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی ،وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے پنجاب کے تحصیل ،ضلع اور ڈویژن کے پریس کلب کے صدور کو خصوصی گرانٹ کے چیک دیئے۔ 44پریس کلب کے صدور کو مجموعی طور پر 9کروڑ 45لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے۔ ملتان،گوجرانوالہ ،فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال پریس کلب کے صدور اورجھنگ ،خانیوال سمیت مختلف اضلاع او رتحصیل پریس کلب کے صدور کو بھی چیک دئےے گئے ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئے تو چند ماہ کے لئے لیکن تقریباً ایک سال گزر گیا۔ میں پوری کوشش ہے کہ پروفیشنل صحافیوں کے لئے کچھ ضرور کرکے جائیں۔ یہ خصوصی گرانٹ ہے جو ہم نے پریس کلب کو دی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب کیونکہ لاہور میں ہے اسے پہلا بھی سپورٹ کیا گیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے لیکن دیگر پریس کلب نظر انداز ہوجاتے تھے۔ پہلی بار چھوٹے پریس کلب کو یہ گرانٹ دی گئی ہے۔ خواہش ہے کہ پریس کلب کو ملنے والی یہ گرانٹ سالانہ گرانٹ میں تبدیل ہوجا ئے تاکہ پریس کلب کو یہ گرانٹ مستقل ملتی رہے۔