اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ تحریک انصاف کی جانب سے لیول پلائنگ فیلڈنہ دینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت آج پیر کوکرے گی۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گااس سماعت کے حوالے سے فریقین کواطلاعاتی نوٹسزبھی جاری کیے جاچکے ہیں۔تحریک انصاف آج پیر کواپناتفصیلی جواب بھی عدالت میں جمع کرائیگی۔اس کے لیے گوہر خان ایڈووکیٹ جواب جمع کرائیں گے۔بعض ذرائع کاکہناہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدواروں کوآزادحیثیت سے الیکشن لڑنے کے لیے انتخابی نشانات الاٹ کیے جانے کے بعدمذکورہ درخواست بھی غیر موثر ہونے کاامکان ہے یہ بھی ممکن ہے کہ تحریک انصاف یہ درخواست ہی واپس لے لے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈکیس میں تحریری حکم نامہ جاری کردیاتھا جس میں کہاگیاتھا کہ لیول پلینگ فیلڈ کیس الیکشن کمیشن نے 322 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے 242 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا۔ عدالتی استفسار پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ وہ ان جوابات پر اپنا تحریری جواب جمع کرانا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کے وکیل نے تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے 3 روز کا وقت مانگا۔عدالت نے تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔سماعت 15 جنوری کو ہوگی۔