کراچی ( نمائندہ خصوصی) ممتاز سماجی رہنما اور الشریف فاؤنڈیشن کے چیئرمین پرویز اقبال ارائیں نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال 2024 میں ”دی ڈیموکریٹس پینل”کو 14ویں مرتبہ شاندار کامیابی کے حصول پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ الشریف فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کراچی پریس کلب کے تمام کامیاب عہدیداران اور اراکین کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے پرویز اقبال ارائیں چیئرمین الشریف فاؤنڈیشن پاکستان نے کہا کہ میں گزشتہ کئی برسوں سے کامیابی کاتسلسل جاری رکھنے پر دی ڈیموکریٹس پینل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں دی ڈیموکریٹس پینل کی مسلسل کامیابی اُس کی نمایاں کارکردگی اور اراکین کے بھرپور اعتماد کی بھی مظہر ہے۔ معروف سماجی رہنما نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات 2024 میں سعید سربازی کو مسلسل دوسری مرتبہ کراچی پریس کلب کا صدر منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی جبکہ عبدالرشید میمن کو نائب صدر، شعیب احمد کو سیکریٹری، محمد منصف کو جوائنٹ سیکریٹری اور احتشام سعید قریشی کو خازن منتخب ہونے پر دلی خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی ۔چیئرمین الشریف فاؤنڈیشن پاکستان پرویز اقبال ارائیں نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں گورننگ باڈی کی7 نشستوں پر شمس کیریو، موناصدیقی، شازیہ حسن، نواب قریشی، شعیب احمد، رانا جاوید عمران اور نور محمد کلہوڑو کو منتخب ہونے پر انہیں بھی دل کہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ۔ ممتاز سماجی رہنما نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے اپنی جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جس طرح پرامن اورشفاف طریقے سے انتخابات کا انعقاد کرایا وہ قابل تحسین ہے۔ پرویز اقبال ارائیں چیئرمین الشریف فاؤنڈیشن پاکستان صحافت اور جمہوریت کی سربلندی کیلئے کراچی پریس کلب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب تاریخی حیثیت کا حامل ہے جہاں سے متعدد صحافتی تحریکوں کا آغاز ہوااور اسی پلیٹ فارم سے صحافیوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کی۔ پرویز اقبال ارائیں نے اپنے تہنیتی پیغام میں اس امید کاا ظہار بھی کیا کہ کامیاب ہونے والے امیدوار صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافتی سربلندی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔