اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کا اجرائ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے تقریب میں ملکی و غیر ملکی وینچر کیپیٹلسٹ، سرمایہ کار ، سفارتکاروں ، معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندگان اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور ذیلی اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف نے کہا حکومت پاکستان ہر سال ‘پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ’ کے لیئے تقریبا 2 ارب روپے مختص کرے گی انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے تقریبا 10 ارب روپے کی بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے، اس فنڈ کا مقصد پاکستان میں وینچر سرمایہ کاری تیز تر کرنا ہے، اس فنڈ سے اسٹارٹ اپس کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ‘پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ’ کے ذریعے ہر اسٹارٹ اپ کو 30 فی صد مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ وینچر کیپیٹلسٹ کو 70 فی صد سرمایہ کاری کرنا پڑے گی، اگر ایک اسٹارٹ اپ کو ایک ملین ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہے تو غیر ملکی سرمایہ کار 7 لاکھ ڈالر ڈالنا ہوں گے جبکہ 3 لاکھ ڈالر پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کی طرف سے ڈال دیئے جائیں گے، اس طرح بہت سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف متوجہ ہوں گے۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وزارت آئی ٹی اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے لیئے کوشاں ہے، پچھلے چار برس میں پاکستانی اسٹارٹ اپس میں تقریبا 800 ملین ڈالرز بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، ملک میں آٹھ نیشنل انکیوبیشن سینٹرز اسٹارٹ اپس کو اسپورٹ کر رہے ہیں، اس وقت چار ہزار سے زائد اسٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں جو کہ ایک متحرک انٹرپرینیویل لینڈ اسکیپ کی نشانی ہے۔