کراچی (نمائندہ خصوصی) ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان عام انتخابات کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ طے پاگئی جس کے بعد این اے 242 پر ایم کیوایم کی دستبرداری کے لیے شہباز شریف کے جلد خالد مقبول سے رابطے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم این اے 242 شہباز شریف کو دینے پر آمادہ ہوگئی ہے تاہم این اے 242 کی صوبائی نشستوں پر ایم کیو ایم اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کراچی میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 11 نشستوں پرامیدوارکھڑے کرے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ این اے 242 پر ایم کیوایم کی دستبرداری کے لیے شہباز شریف کے جلد خالد مقبول سے رابطے کا امکان ہے اور شہباز شریف سے بات چیت کے بعد معاملہ رابطہ کمیٹی میں رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد (ن) لیگ اور ایم کیوایم کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ کراچی کے حلقے این اے 242 سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جاچکے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور مسلم لیگ ن کے درمیان کراچی کی 4 نشستوں پر فیصلہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کیماڑی کے حلقے، این اے 242 ،ملیر کے حلقے این اے 229، 230 پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، مسلم لیگ ن این اے 229، 230 کی پانچ صوبائی نشستوں پر بھی امیدوار کھڑے کرے گی۔ ملیر کے حلقے این اے 231 کی قومی اور صوبائی نشست پر ایم کیو ایم امیدوار حصہ لیں گے، مسلم لیگ ن ضلع جنوبی کے حلقے این اے 239 پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میرپور خاص، نوابشاہ اور سکھر کی قومی اسمبلی نشستوں پر بھی مسلم لیگ ن امیدوار حصہ لیں گے، میرپورخاص، نوابشاہ اور سکھر کی صوبائی نشستوں پر ایم کیو ایم امیدوار حصہ لیں گے۔ کراچی کے حلقے این اے 242 پر مسلم لیگ ن کے امیدوار شہباز شریف اور ایم کیو ایم کے امیدوار مصطفی کمال ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل ہیں۔