کراچی (نمائندہ خصوصی) الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف دوسری اپیل بھی مسترد کردی۔ سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کے این اے 242 سے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف اپیل پر سماعت کی جس میں درخواست گزار حسنین چوہان نے موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف نے این اے 242 کے کاغذات میں درست حلف نامہ نہیں لگایا۔ درخواستگزار نے کہا کہ شہباز شریف نے بیان حلفی میں کاروبار سے متعلق غلط بیانی کی ہے، آر او کا فیصلہ کالعدم دے کر شہباز شریف کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔ الیکشن ٹربیونل نے درخواستگزار کے دلائل سننے کے بعد اس کی اپیل مسترد کردی تاہم تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز بھی الیکشن ٹربیونل نے کراچی کے حلقے این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کی تھی جب کہ اسی حلقے سے ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال بھی امیدوار ہیں۔