اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سانحہ نو مئی کی تحقیقات سے متعلق کابینہ کمیٹی نے متعلقہ حساس و تحقیقاتی اداروں سے تمام ریکارڈ اور دستاویزات طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دفاعی و فوجی تنصیبات کی تصدیق شدہ وڈیوز اور تصاویر سے بھی مدد لی جائے گی،گرفتار ملزمان کے اعترافی بیانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سانحہ نو مئی کی تحقیقات کے معاملے پر کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ختم ہوگیا۔ نگراں وزیر قانون احمد عرفان اسلم صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں اطلاعات و نشریات اور انسانی حقوق کے وزراء اور سیکرٹری داخلہ نےشرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سانحہ نو مئی کی تحقیقات کےلیے ضوابط کار کے تحت کاروائی شروع کردی ہے ۔متعلقہ حساس اور تحقیقاتی اداروں سے تمام ریکارڈ اور دستاویزات طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اور دفاعی و فوجی تنصیبات کی تصدیق شدہ وڈیوز اور تصاویر سے بھی مدد لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے اعترافی بیانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر قانون نے کہا طے شدہ ٹائم لائن کے اندر تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔ کمیٹی سانحہ نو مئی کے ماسٹر مائنڈ،سہولت کار اور منصوبہ پر عمل کرنے والے تمام عناصر کے نام بھی سامنے لائے گی۔