کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بےرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اسپنسر آئی اسپتال کراچی کا اثاثہ ہے ،اسے تباہ نہےں ہونے دیں گے،اسپتال میں تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے، کوتاہی کے مرتکب افراد کو کسی صورت معاف نہےں کریں گے،کے ایم سی کے طبی اداروں کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں جو بھی اقدامات ضروری ہوئے کئے جائیں گے، یہ بات انہوں نے پیر کی صبح اسپنسر آئی اسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کہی، میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسپنسر آئی اسپتال کے مختلف وارڈز ، آپریشن تھیٹر، ریفرکشن روم اور ڈاکٹرز کے کمروں کا معائنہ کیا اور عملے کی حاضری کا رجسٹر چیک کیا، انہوں نے آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات سے متعلق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جبار انصاری سے معلومات لیں اور انہیں ہدایت کی کہ اسپتال میں آنکھوں کے علاج معالجے کے لئے جدید طریقہ کار اختیار کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام آلات اور مشینری کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ماضی مےں اسپنسر آئی اسپتال آنکھوں کے علاج کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر مےں مشہور تھا اور یہاں دور دور سے مریض علاج کے لئے آیا کرتے تھے، اس اسپتال میں طویل عرصے تک قرنیہ کی پیوندکاری کی سہولت بھی فراہم کی جاتی رہی جس سے بڑی تعداد میں لوگوں کی بینائی بحال ہوئی ، یہ اسپتال کراچی اور پاکستان کا واحد اسپتال تھا جہاں بہترین اور انتہائی تجربہ کار آئی سرجن خدمات انجام دیتے رہے اور انتہائی پیچیدہ آپریشن کامیابی کے ساتھ انجام دیئے گئے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں کی طرح اس اسپتال کی کارکردگی بھی زوال پذیر ہوتی گئی اگر ماضی میں اس طرف توجہ دی جاتی تو یہ اسپتال آج بھی آنکھوں کے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہوتا۔