اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والے پولیس ٹرک کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے والے متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر و جمیل عطا کرے۔چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔ خطے کے امن کے بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ، اسپیکر کی شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی ،اسپیکر نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ، اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے، پوری قوم دہشتگردی خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔