کراچی (نمائندہ خصوصی) ملک بھرمیں سردی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ افغانستان سے مغربی سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا جس کے باعث شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محمکہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی لپیٹ میں آئے علاقوں میں درجہ حرارت مزید نیچے جانے کا امکان ہے جبکہ سائبیرین ہواوں کی رفتار میں اضافے کے باعث آج سے کراچی میں بھی سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے مضافتی علاقوں میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر کا فضائی معیار آج بھی متاثر رہا ہے۔ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے اوقات میں ہوائیں 18 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ سائیبیرین ہواوں کی رفتار میں اضافے کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔