اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ بحیرہ عرب میں ملکی اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو کڑی نگرانی میں رکھنے کے لیے اپنے جہازوں کی مستقل موجودگی کو یقینی بنا رہی ہے تا کہ ہمارے علاقے سے گزرنے والے پاکستانی اور بین الاقوامی تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ کے2 سے 3 بحری جہاز ہمیشہ ان علاقوں میں گشت کرتے رہتے ہیں جن پر پاکستانی اور بین الاقوامی تجارتی جہاز چلتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی سمندری علاقے سے گزرنے والے بین الاقوامی تجارتی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وسیع فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حالیہ واقعات کے پس منظر اپنے بحری جہاز تعینات کیے ہیں۔