اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) ایک سال کے دوران ملکی مجموعی قرضوں کے حجم میں 12 ہزار 430 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ میڈیا رپوٹس میں اسٹیٹ بینک دستاویز کے حوالے سے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کا قرضہ نومبر 2023 تک بڑھ کر 63 ہزار 390 ارب روپے تک جا پہنچا۔ دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 40 ہزار 956 ارب روپے پرپہنچ گیا، جبکہ وفاقی حکومت کے غیر ملکی قرضے بڑھ کر 22 ہزار 434 ارب روپے رہے۔ مرکزی حکومت کے قرضے میں یہ اضافہ نومبر 2022 سے نومبر 2023کے دوران ہوا۔ دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ (جولائی تا نومبر 2023) کے دوران وفاقی حکومت کا قرضہ 2 ہزار 549 ارب روپے بڑھا۔ اکتوبر کے مقابلے نومبر 2023 میں وفاقی حکومت کے قرضے میں 907 ارب روپےکا اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق نومبر 2022 میں وفاقی حکومت کا قرضہ 50 ہزار 959 ارب روپے تھا جبکہ جون 2023 میں وفاقی حکومت کے قرضوں کاحجم 60 ہزار 841 ارب روپے تھا۔