اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی نشان بلے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی آج پیر کو سماعت کیے جانے کاامکان ہے۔ہفتہ کوپی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی اور رخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر پیرکو سماعت کی جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک اہم معاملہ ہونےکی وجہ سے سماعت جلد ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ 4 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں تھی، الیکشن کمیشن اس معاملے میں فریق نہیں بن سکتا۔