اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا۔ وادی کوئٹہ کے پہاڑوں، زیارت اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے تاہم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق استور میں درجہ حرارت منفی 16، سکردو میں منفی 11، گلگت میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا ہے، بلوچستان میں بھی شدید سردی کا راج ہے، قلات منفی 2 اور کوئٹہ میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا اسپیل داخل ہو جائے گا۔ بارش اور برفباری کے نئے اسپیل سے نوشکی، چاغی، تربت، گوادر اور کیچ سمیت پنجگور میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ کوئٹہ، قلات، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی اور کان مہتر زئی میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور لاہور میں بھی کڑاکے کی سردی پڑنے لگی ہے، لاہور سمیت پنجاب میں شدید سردی کے ساتھ دھند کا راج بھی برقرار ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ جنوری میں راتیں مزید سرد رہنے کا امکان ہے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت بڑھے گی۔