کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی قائم مقام صدر نگہت اعوان اور سینئر نائب صدر مسلم محمدی نے صنعتی ترقی کے لیے معروف معاشی ماہر ڈاکٹر قیصر بنگالی کی تجاویز کو سراہا۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی نے یہ تجاویز نگراں وزیر صنعت و تجارت سندھ یونس ڈھاگا کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی جس میں انہوں نے سندھ کی صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سفارشات پیش کی۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی کی تجاویز میں نئے صنعتی زونز کا قیام، سبسڈی قرض کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات پر زور دیا ہے۔اس موقع پر اجلاس میں کاٹی کے قائم مقام سینئر نائب صدر مسلم محمدی کے ہمراہ دیگر کاروباری شخصیات اور معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قائم مقام صدر کاٹی نگہت اعوان نے مزید کہا ہے کہ معاشی منظر نامے کے تناظر میں اقتصادی زونز کو تیار کرنا ضروری ہے جہاں بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ اسٹیٹ بینک مقامی طور پر تیار کردہ مشینری کی خریداری کے لیے خصوصی رعایتی قرضے فراہم کرے جس سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور مقامی مشینری مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی ہو۔ نگہت اعوان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کاٹیج انڈسٹریز کی ترقی کے لیے انڈسٹریل زونز میں شامل علاقوں کو بھی انڈسٹریل ایریا قرار دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ شرح سود کو 22 فیصد سے کم کرکے سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے تاکہ صنعتوں کو سستا قرضہ مل سکے۔مسلم محمدی نے ڈاکٹر قصیر کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اپنی مصنوعات کو پڑوسی ممالک کے مقابلے میں مسابقتی بنانے کے لیے پیداواری لاگت کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ پاکستانی ایکسپورٹر کو زیادہ سے زیادہ برآمدی آرڈر حاصل ہوسکیں۔