کراچی (بیورو رپورٹ) سندھ حکومت نے توانائی بچت مہم کے سلسلے میں کاروباری مراکز کے اوقات کار میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے کے روز کاروباری اوقات سے متعلق پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے ترمیم شدہ نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق ہفتے کے روز کاروباری پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ہفتے کو کاروباری، تجارتی مراکز میں اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اتوار سے جمعے تک ہوٹل اور ریسٹورنٹس 11 کے بجائے ساڑھے 11 بجے بند ہوں گے۔
خیال رہے کہ 17 جون کو سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے کے بعد جاری رکھنا ممنوع قرار دیا تھا اور رات 9 بجے تمام بازار، دکانیں اور شاپنگ مالز بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔