اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے منشور کمیٹی کے چیئرمین عرفان صدیقی سے رابط کیا ہے اور منشور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ منشور میں کوئی ایسا وعدہ یا بات شامل نہ کریں۔ جو ہم پورا نہ کرسکیں، عوام سے جو کہیں گے وہ کرکے بھی دکھائیں گے،میں عوام کو سبز باغ نہیں دکھانا چاہتا نہ روایتی منشور کا حامی ہوں،ذرائع کے مطابق نوازشریف کو منشور کا ابتدائی مسودہ بھجوایا گیا تھا جس میں منشور میں نئے موٹر ویز کی تعمیر اور نوجوانوں کو روزگار دینا ترجیحات میں شامل کیا گیا تاہم کچھ نکات پر نواز شریف نے اعتراض اٹھایا ہے اور اس کے دور کرنے کی ہدایت کی ہے ،منشور میں نوازشریف 2017 کے منصوبے دوبارہ شروع کرنے کے بھی خواہاں ہیں،دوسری جانب منشور کمیٹی کے چیئرمین عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم قائد ن لیگ کی ہدایت پر قابل عمل منشور تیار کررہے ہیں،کوئی ناقابل عمل بات یا منصوبہ منشور کا حصہ نہیں ہوگا،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو فوکس کرکے منشور کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔