اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے ، فلسطین میں قیام امن کے لیے عالمی برادری بالخصوص امت مسلمہ کی جانب سے مشترکہ کوششیں کی جائیں ۔تفصیل کے مطابق نگراں وزیراعظم سے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخطر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نگران وگیر اعظم نے قطر کے امیر کو بھی تہنیتی پیغام پہنچایا ۔انہوں نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) خطے پر پاکستان کی توجہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل خلیجی ممالک بشمول قطر کے سرمایہ کاروں کو معیشت کے اہم شعبوں میںدستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے راغب کرنے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے قطری سفیر کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سیاحت و میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غزہ میں عارضی جنگ بندی کےلئے سفارتی کوششوں میں قطر کے کردار کو سراہتا ہے اور فلسطین میں قیام امن کے لیے عالمی برادری بالخصوص امت مسلمہ کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ نومبر میں اپنی اسناد پیش کرنے کے بعد قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخطر کی وزیراعظم سے یہ پہلی ملاقات تھی ۔ وزیراعظم انوارلحق کاکڑ نے انہیں پاکستان میں سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی کی معیاد میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے بندھن مزید مضبوط ہوں گے۔