اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024ئ کے لیے انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیت کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ اب تک 5لاکھ79 ہزار191 افراد کی ضروری تربیت مکمل کی جا چکی ہے ۔ بقیہ 4 لاکھ 62 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری2024ئ تک مکمل ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں تعینات ہونے والے 9 لاکھ 854 ہزار 413 نفوس پر مشتمل انتخابی عملہ کی تربیت کا آغاز نومبر2023ءکے آخری ہفتہ میں کیا۔جاری بیان میں ترجمان نے کہاکہ انتخابی عملہ میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، پریذائڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران اور دیگر انتخابی عملہ شامل ہے۔۔تربیتی پروگرام کے دوران غیر حاضر رہنے والے عملہ کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ عام انتخابات کے دوران انتخابی ذمہ داریاں تفویض کیے جانے والے تمام سرکاری ملازمین کو تربیتی نشسستوں میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مرکزی کنٹرول روم 26 دسمبر 2023 سے مکمل فعال ہے۔ مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 45 شکایات موصول ہوئیں اور ان تمام کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں قائم مرکزی شکایت سیل میں آنے والی 165 شکایات پر فوری کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ مرکزی کنٹرول روم کے ما تحت 180 کنٹرول روم صوبائی، ڈویڑنل اور ضلعی سطح پر بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ جو انتخابات کی نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مرکزی کنٹرول روم کی معاونت کر رہے ہیں۔ملک بھر کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہو گئی ہیں۔ جو امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے تمام تشہیری مواد کو روزانہ کی بنیادوں پر ہٹانے میں مصروف ہیں۔ضابطہ اخلاق کی دیگر خلاف ورزیوں پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ا?فیسرز کی جانب سے نوٹسز بھی جاری کیے جارہے ہیں۔جن پر انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔