اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھ کر مدتوں سے استحصال کے شکار عوام کو سوچنے کا شعور ‘ بولنے کیلئے زبان اور عزت سے جینے کا سلیقہ سکھایا ‘ ٹوٹے ہوئے اور تباہ حال پاکستان کی دوبارہ تعمیر کرکے قوم کو آئین کا نور دیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کچلے ہوئے طبقات کو سیاسی ‘سماجی اور معاشی حقوق دیئے ان کا نظریہ اور افکار پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن اپنے عظیم قائد کے نقش قدم پر ثابت قدم ہیں ‘ آصف علی زرداری نے کہا ملک سے غربت ‘بیروزگاری اور معاشی بدحالی ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ان کے منشور روٹی کپڑا اور مکان پر عمل کیا جائے اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔