نیویارک ( کے ایم ایس ) :پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین پر جاری غیر ملکی قبضے کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے آج کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس حق کو دبانا ہی تنازعات اور مسائل کو جنم دیتا ہے جیسا کہ کشمیر اور فلسطین میں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر ملکی قبضے اور جموں و کشمیر کے لوگوں پر بھارت اور اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر وحشیانہ جبر کا خاتمہ کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنے اور کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا تعین کرنے کا بنیادی حق دینے سے مسلسل انکار کے باوجود، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بہادری سے بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی ہے اور حق خود ارادیت اور آزادی کے لیے اپنی بہادرانہ جدوجہد جاری رکھی ہے.منیر اکرم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج’یوم حق خود ارادیت “ کے موقع پر کشمیری عوام کی منصفانہ اور جائز جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔