کراچی(نمائندہ خصوصی) بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا کا سمندری مرحلہ آج شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر میں مشق کے سمندری مرحلے کا مشاہدہ کیا۔مشق کے سمندری مرحلے میں پاک بحریہ، پی ایم ایس اے، پاکستان ایئر فورس اور دیگر قومی اسٹیک ہولڈرز کے فضائی اور زمینی اثاثوں نے حصہ لیا۔ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے ہوائی جہازوں، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز اور پی ایم ایس اے کے بحری جہازوں نے تیل کے اخراج کو روکنے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور بحری قذاقی کے خلاف مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ ان مشقوں کا مشاہدہ پندرہ غیر ملکی مندوبین اور مختلف قومی اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے کیا۔ غیر ملکی مندوبین نے سمندر میں کسی بھی آفت سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز خصوصاً پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کی کوششوں کو سراہا۔اس سے قبل مشق کی افتتاحی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ غیر ملکی مندوبین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے وفود نے بھی اس بریف میں شرکت کی جس میں مشق کے مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں، قومی اور بین الاقوامی مقررین نے تیل کے اخراج اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو کے ردعمل پر مقالے پیش کیے۔بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا سمندر میں تیل کے اخراج کی مشق ہے اور اس کا مقصد سمندر میں آلودگی سے نمٹنے کے لیے قومی اسٹیک ہولڈرز کی صلاحیت اور مہارت کو بڑھانا ہے۔ تین دن کی کامیاب مشق نے سمندری آلودگی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کا ثبوت دیا۔ بارہویں باراکوڈا کا سمندری مرحلہ بین الاقوامی سمندری ضوابط کو برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے عزم کو تقویت دیتا ہے۔ مشق کے کامیاب اختتام پر اس کے دوران سیکھے گئے اسباق اور بنائے گئے تعلقات بحری دفاع اور ماحولیاتی تحفظ میں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کا باعث بنیں گے۔