کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہےں جبکہ بھارت میں اقلیتی برادری غیر محفوظ ہے، دنیا بھارت کے چہرے کو بے نقاب کرے، اس سال حج پیکج میں ایک لاکھ کمی کی گئی ہے۔ اور 10 لاکھ 75 ہزار روپے حج کے اخراجات ہوں گے۔ حجاج کرام کے حوالے سے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کر لئے گئے ہےں حجاج کرام کو حکومت پاکستان اس سال بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی کیمپ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں حج پیکج میں ایک لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے اس سے قبل 11 لاکھ 75 ہزار روپے کا پیکج تھا اور رواں سال 10 لاکھ 75 ہزارروپے کا حج پیکج ہو گااس کے علاوہ خواتین حجاج کو حکومت مفت عبایہ بھی فراہم کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ استعمال کر کے عمرہ اور حج کے لیے جاتے تھے یہی وجہ ہے بلوچستان سے بہت کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں حاجی کیمپ آنے کا مقصدیہ تھا کہ یہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے کوئٹہ میں جوانتظامات دیکھے ہیں وہ مطمئن اور تسلی بخش ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے جبکہ ہمسایہ بھارت میں ان کی جان مال تک محفوظ نہیں ہے بھارت کے علاقے منی پور میں 150مسیحی برادری کے لوگوں کوقتل کیا گیا بھارت سے معاملے کو دبانے کے لیے پاکستان کے جڑانوالہ کا واقع رونما کیا گیا اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی گئی حکومت نے بھرپور کوشش کی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کبھی بھی رونما نہ ہوں اس واقعے کے بعد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے بلوچستان میں مذہبی آ ہنگی سے متعلق سمینار خوش آ ئند اقدام ہے علماءکرام کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے دورے سے قبل پشاور اور سندھ کا دورہ کیا ہے۔ جہاں پر سہولیات کا فقدان تھا ان مسائل کے حل کو یقینی بنایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ حاجی کیمپ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے گزشتہ سال 4 ہزار حجاج کرام کوئٹہ سے روانہ ہوئے تھے ہماری کوشش ہے کہ حجاج کرام کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہے۔ اور حجاج کرام کی جانب سے درخواستیں کم آنے کی وجہ معلوم کریں گے۔ اس کے علاوہ افغان مہاجرین کے پاسپورٹ بلاک ہونے سے درخواستیں کم آئی ہے ۔