کراچی(نمائندہ خصوصی) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح کا ماحول بنادیا گیا ہے اس طرح سے منصفانہ الیکشن نہیں ہوسکتے۔ منصفانہ الیکشن کرانا جہاں الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وہیں تمام وزراء اعلٰی اور آئی جیز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے لئے یکساں سیاسی مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں اور پنجاب میں کاغذات نامزدگی چھیننا اور ہراساں کرنے کے واقعات درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے موجودہ طرز عمل سے اداروں کی بدنامی ہورہی ہے حالانکہ حقیقت میں ادارے مکمل طور پر غیر جانبدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کو جیل میں رکھ کر الیکشن تو منصفانہ کرائیں لیکن جیل میں رکھ کر پھر پارٹی کے لئے ہر جگہ مشکلات پیدا کرنے سے عوام میں تحریک انصاف کے لئے ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمدردی میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ایسے ہونے چاہئیں جس سے ملک سیاسی و معاشی طور پر مضبوط ہو اور الیکشن کے نتائج پر کوئی بھی سیاسی جماعت اعتراض نہ کرسکے۔ انہوں نے موجودہ ماحول پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ طرز عمل سے کرائے گئے الیکشن کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ طرز عمل کا خاتمہ کیا جائے او رتمام سیاسی جماعتوں کے لئے یکساں انتخابی سیاست کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ غیر ضروری رکاوٹیں اور غیر ضروری اعتراضات اٹھاکر کاغذات نامزدگی مسترد کرنے جیسے عوامل سے عوام میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے اور الیکشن پر کثیر قومی سرمایہ خرچ کرکے اس رقم سے ملک کے لئے انتشار پیدا کرنا کسی بھی طریقے سے درست نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ اگر 1977ء کی طرح الیکشن نتائج تسلیم نہ ہوئے تو پھر ملک کا معاشی نقصان ہوگا اور سیاسی انتشار کی صورت میں ملک سنبھالنے کے لئے مارشل لاء ناگزیر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ہوش کے ناخن لیں اور جمہوری نظام کے تسلسل کے لئے آواز حق بلند کریں۔ اگر سیاسی جماعتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی تو یہ سب جماعتیں مارشل لاء کے نفاذ کی ذمہ دار ہوں گی۔