اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پروپیگنڈے کے مقابلے اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے، جدید ٹیکنالوجی کے دور میں سچائی پھیلانے میں تاخیر دوسروں کو جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے خلا کو پر کرنے کا موقع دے گی، بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر ایک نئی ”سیاسی معیشت“ ایجاد ہو چکی ہے، سوشل میڈیا پر متمول افراد جعلی خبریں پھیلانے اور بوگس ٹرینڈ بنانے کے لئے چند درجن لوگوں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔انفارمیشن سروس اکیڈمی میں 38 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس اور 40 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگراموں کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پروپیگنڈے اور بیانیہ کے دور میں انفارمیشن گروپ کے افسران کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، پروپیگنڈے کے مقابلے اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے، سول سروس کے بہت سے دیگر گروپس کے برعکس انفارمیشن گروپ کے افسران اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل مطالعہ اور سخت محنت کرتے ہیں، انفارمیشن گروپ کے افسران کو نہ صرف میڈیا، میڈیا قوانین بلکہ سیاست، تاریخ، جغرافیہ، آرٹ، ثقافت، موسیقی اور ملک کی زبانوں کے بارے میں بھی سیکھنا چاہئے، انفارمیشن گروپ کے افسران تیزی سے بدلتے ہوئے میڈیا منظر نامے کو اپنانے پر توجہ مرکوز کریں، انہوں نے کہا کہجب انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا متعارف ہوئے تو یہ خیال کیا جاتا تھا کہ معلومات کا ایک نیا دور شروع ہورہا جس سے مین سٹریم میڈیا پر انحصار ختم ہو جائے گا، لیکن بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر ایک نئی ”سیاسی معیشت“ ایجاد ہو چکی ہے، سوشل میڈیا پر متمول افراد جعلی خبریں پھیلانے اور بوگس ٹرینڈ بنانے کے لئے چند درجن لوگوں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مقامی زبانوں میں متنوع ثقافت موجود ہے، انفارمیشن گروپ کے افسران پاکستان کی مقامی زبانیں سیکھیں، کسی کو اپنی زبان میں پیغام پہنچانا ہمیشہ آسان ہوتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے دور میں سچائی پھیلانے میں تاخیر دوسروں کو جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے خلا کو پر کرنے کا موقع دے گی۔، وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے انفارمیشن گروپ کی ری سٹرکچرنگ ناگزیر ہے،انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طارق محمود نے خطبہ استقبالیہ دیا اور دونوں کورسز کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے دونوں کورسز کے شرکاءمیں اسناد تقسیم کیں،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید مبشر توقیر شاہ اور ایم ڈی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان محمد عاصم کھچی سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔