اسلام آباد ( کورٹ رپورٹر) سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق تحریک انصاف کی شکایت پر الیکشن کمیشن اور حکومت کو فوری ازالے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوے قرار دیا کہ بظاہر تحریک انصاف کا لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے۔پی ٹی آئی کی لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ کا حصہ تھے۔جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بظاہر لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے۔عثمان ڈار کے گھر جو ہوا وہ اخبارات میں شائع ہوا ہے۔ایک سیاسی جماعت کو کیوں دیوار سے لگایا جا رہا ہے؟ سب کیساتھ یکساں سلوک ہی لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔ دوران سماعت قائم مقام چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن ایم پی او کے آرڈر کیوں نہیں رکوا رہا؟سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور حکومت کو تحریک انصاف کی شکایات کے ازالے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے پی ٹی آئی کو آج تین بجے الیکشن کمیشن جانے کی ہدایت کردی۔ اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ بطور سہولت کار اپنا کردار ادا کریں۔جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ ابھی حکم نامہ لکھ کر بھجواتے ہیں تمام شکایات کا جائزہ لیکر حل کریں۔جس کے بعد سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پی ٹی آئی وفد آج تین بجے الیکشن کمیشن جاکر شکایات پیش کرے گا۔