اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کا پارہ 0 اعشاریہ 51 فیصد گر گیا جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح تاحال 42 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ۔ ملک میں مہنگائی سے متعلق ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطا بق رواں ہفتے کے دوران 18 اشیائ ضروریہ مہنگی 9 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔ رواں ہفتے انڈے، جلانے کی لکڑی،پیاز،لہسن دالیں مہنگی ہوئیں ۔ایک ہفتے کے دوران انڈے فی درجن 36 روپے 69 پیسے مہنگے ہوگئے۔ قیمت فی درجن 352 روپے سے بڑھ کر 388 روپے 59 پیسے ہوگئی۔ایک ہفتے کے دوران جلانے کی لکڑی 7 روپے 94 پیسے فی من مہنگی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے پیاز فی کلو تقریباً 2 روپے مہنگے ہوئے۔پیاز کی فی کلو قیمت تقریباً 163 روپے تک پہنچ گئی۔ دال ماش،دال مونگ،چائے کی پتی،لہسن بھی مہنگا ہوا ۔ اسی طرح رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات،ٹماٹر آلو سمیت 9 اشیائ سستی ہوئیں ۔ایک ہفتے کے دوران آلو فی کلو 11 روپے 65 پیسے سستے ہوئے ۔رواں ہفتے کے دوران آٹے کا 20 تھیلا 9 روپے44 پیسے سستاہوا ۔ایک ہفتے کے دوران چینی،چکن، ٹماٹر بھی سستے ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران بریڈ،بیف،مٹن سمیت 24 اشیائ کے دام مستحکم رہے۔