اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کی سکروٹنی ہونے تک عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام اباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار افتاب عالم اپنے وکیل ملک اختر عباس کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا عمل جاری ہے، افغان مہاجرین کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز بنوا کر ووٹر لسٹوں میں شمولیت حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کے باعث عام انتخابات پر سوالات اٹھیں گے، افغان مہاجرین کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے، اس لیے عدالت افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی سکروٹنی ہونے تک عام انتخابات ملتوی کرانے کا حکم دے۔اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، اب عدالت کیسے عام انتخابات ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے؟‘ ان ریمارکس کے ساتھ ہی عدالت نے افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کی سکروٹنی مکمل ہونے تک انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔