اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پاور پلانٹس کو آئی پی پیز کی طرز پر تکنیکی گرانٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ سرکاری پاور پلانٹس کو 262 ارب روپے ادائیگی کی منظوری دیدی، کے الیکٹرک کے بقایاجات کی مد میں 57 ارب کی ایڈوانس سبسڈی بھی منظور کر لی گئی۔ نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت ای سی سی اجلاس میں آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ایکسپورٹ فنانس اسکیم فیز آﺅٹ کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ اس کے علاوہ ای سی سی نے نیکا ادارےکوسائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن سےوزارت توانائی کو منتقل کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اوراس مقصد کیلئے پندرہ کروڑ چوبیس لاکھ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق آئی بی کو 25 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی فراہمی، گندم کی امدادی قیمت اور تمباکو کی فصل کی کم از کم قیمت کے تعین کی بھی منظوری دیدی گئی۔ ای سی سی نے تاپی منصوبے سے متعلق وزارت پیٹرولیم کی سمری موخر کر دی۔