کراچی (بیورو رپورٹ)آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، وفاقی اردو یونیورسٹی کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب 19 دسمبر 2023ء کو گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب سیکریٹری خرم مشتاق نے افسران کی ٹائم پے اسکیل کی منظورشدہ پالیسی پر علمدرآمد نا ہونے پر سابقہ انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2019ء سے اب تک افسران اپنے منظورشدہ پالیسی کے تحت ترقیوں سے محروم ہیں جبکہ کئی سینئر افسران ترقیوں کے انتظار میں ریٹائر ہوچکے جبکہ دو افسران کا انتقال ہوچکا۔ خرم مشتاق نے وائس چانسلر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ افسران یونیورسٹی کے انتظامی امور کا ہراول دستہ ہیں اور مسائل کو قانونی طریقہ کار کے تحت حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں اس کے باوجود ان افسران کے ساتھ کئی سال سے جو زیادتی کی جاتی رہی ہے وہ اب مزید ناقابلِ قبول ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر جاوید خان نے یونیورسٹی میں تنخواہوں اور دیگر مراعات کی تاخیر سے ادائیگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ تقریب سے نومنتخب صدر معراج محمد نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تمام افسران کو دعوت دی کہ وہ آپسی اختلافات کو پسِ پشت رکھتے ہوئے متحدہوجائیں اور اپنے حقوق کے حصول اور یونیورسٹی کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوشش کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ افسران کے مسائل بالکل درست ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ان محدود وسائل، اختیارات اور دورانیہ میں زیادہ سے زیادہ مسائل حل کیے جائیں۔ اس تقریب میں حال ہی میں ریٹائر ہونے والے افسر کمال فاروق کی اردو یونیورسٹی کے لیے خدمات کو بھی سراہا گیا۔ تقریب میں رجسٹرارمحمد صدیق، ٹریژرار دانش احسان، کنٹرولر غیاث الدین احمد، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، رکن سینٹ و انچارج کلیہ تعلیمات ڈاکٹر کمال حیدر، انچارج کلیہ ڈاکٹر شاہد اقبال، انچارج کلیہ فارمیسی ڈاکٹر عارفہ اکرم ودیگر کثیر تعداد میں افسران نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سید محمد عباس حیدر زیدی نے انجام دیئے۔